بچوں کے زیر استعمال درجنوں اسٹیشنری اشیاء پر دس فیصد سیلز ٹیکس عائد

بچوں کے زیر استعمال درجنوں اسٹیشنری اشیاء پر دس فیصد سیلز ٹیکس عائد

نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی حکومت کے ٹیکس اقدامات نافذ ہو گئے ہیں، جن کے تحت ملک بھر میں اسکول جانے والے بچوں کے زیر استعمال درجنوں اسٹیشنری اشیاء پر دس فیصد سیلز ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے اس فیصلے کے بعد والدین، خصوصاً تنخواہ دار اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندانوں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یکم جولائی سے مالی سال 2026 تا 2027 کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس کے ساتھ ہی نئے مالیاتی قوانین بھی نافذ العمل ہو گئے ہیں۔ نئے مالیاتی بل کے تحت مختلف شعبوں کے علاوہ تعلیمی ضروریات میں استعمال ہونے والی متعدد اسٹیشنری اشیاء بھی ٹیکس کی زد میں آ گئی ہیں۔

حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق جن اشیاء پر دس فیصد سیلز ٹیکس لاگو کیا گیا ہے ان میں پنسل، قلم، جیومیٹری بکس، شارپنر، مشقی کاپیاں، اسکول گوند، لکھائی کے پیڈ اور رنگین پنسلیں شامل ہیں۔ یہ تمام اشیاء روزانہ کی تعلیمی ضروریات کا بنیادی حصہ سمجھی جاتی ہیں اور تقریباً ہر طالب علم ان کا استعمال کرتا ہے۔

بازار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ اسٹیشنری کی درجنوں اشیاء پر بیک وقت ٹیکس نافذ ہونے کے بعد ان کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کے اثرات کاپیوں، کتابوں، اسکول بیگز اور دیگر تعلیمی سامان کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :آئی ایم ایف کا اسٹیشنری پر سیلز ٹیکس رعایت ختم کرنے کا مطالبہ ، تعلیم مہنگی ہونے کا امکان

والدین کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہی بچوں کی فیسوں، یونیفارم، کتابوں اور دیگر اخراجات میں مسلسل اضافے نے ان کی مشکلات بڑھا رکھی ہیں، جبکہ اب بنیادی نوعیت کی اسٹیشنری پر بھی ٹیکس عائد ہونے سے ماہانہ تعلیمی اخراجات مزید بڑھ جائیں گے۔

  اسٹیشنری پر عائد دس فیصد سیلز ٹیکس کے نتیجے میں مارکیٹ میں ان اشیاء کی خوردہ قیمتوں میں دس سے پندرہ فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس کا براہ راست اثر عام صارفین، خصوصاً متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر پڑے گا۔

تعلیم کے شعبے سے وابستہ حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کی بنیادی تعلیمی ضروریات میں شامل اشیاء کو ٹیکس سے مستثنیٰ رکھا جائے تاکہ تعلیم تک رسائی مزید مہنگی نہ ہو اور والدین پر غیر ضروری مالی بوجھ نہ پڑے۔

editor

Related Articles