اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں آج سے مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج یکم جولائی سے 6 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران کئی علاقوں میں تیز اور موسلادھار بارشیں بھی متوقع ہیں۔
بلوچستان میں 4 جولائی تک مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے مختلف علاقوں میں 3 اور 4 جولائی کو بارش متوقع ہے، کراچی میں آج بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے شہر کا موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے نشیبی اور شہری علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا بھی امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔