آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو استحکام پاکستان پارٹی میں اہم تنظیمی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
حال ہی میں استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سردار تنویر الیاس کو پارٹی کی جانب سے استحکام پاکستان پارٹی کشمیر کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ نثار عنصر ابدالی کو پارٹی کا جنرل سیکرٹری نامزد کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز سردار تنویر الیاس نے وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ عبدالعلیم خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد بھی استحکام پاکستان پارٹی کا حصہ بنی جن میں وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی، سابق وزیر صحت انصار ابدالی اور سابق وزیر اعظم کے سابق مشیر سردار افتخار رشید شامل ہیں۔
پارٹی قیادت نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شمولیت سے آزاد کشمیر میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
پارٹی رہنماؤں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے عہدیداران اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیتے ہوئے پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو وسعت دیں گے اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط کریں گے۔