حج مکمل طور پر ڈیجیٹل دور میں داخل، صرف 14 دن میں 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد عازمین گھر بیٹھے رجسٹرڈ

حج مکمل طور پر ڈیجیٹل دور میں داخل، صرف 14 دن میں 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد عازمین گھر بیٹھے رجسٹرڈ

حج انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی حکومتی پالیسی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق حج 2027 تا 2030 کے لیے آن لائن رجسٹریشن مہم کو عوام کی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور صرف پہلے 14 دنوں میں 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد خواہشمند عازمین حج نے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے تیار کی گئی پاک حج موبائل ایپ اور آن لائن حج پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل انتہائی آسان، تیز، محفوظ اور شفاف بنایا گیا ہے۔ اس جدید نظام نے عازمین کو بینکوں اور دفاتر کے طویل چکروں سے نجات دلائی ہے اور چند منٹ میں رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 1 لاکھ 75 ہزار عازمین نے سرکاری حج اسکیم جبکہ تقریباً 58 ہزار عازمین نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت رجسٹریشن کرائی۔

یہ بھی پڑھیں :حج 2027 رجسٹریشن کا آغاز ، 24 گھنٹوں میں 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول

صوبہ وار اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سے 1 لاکھ 8 ہزار، سندھ سے 71 ہزار، خیبر پختونخوا سے 33 ہزار، اسلام آباد سے 11 ہزار، بلوچستان سے 7 ہزار، آزاد جموں و کشمیر سے 1 ہزار 500 اور گلگت بلتستان سے 700 افراد رجسٹرڈ ہوئے ہیں،رجسٹرڈ عازمین میں 1 لاکھ 36 ہزار مرد جبکہ 96 ہزار خواتین شامل ہیں، جو حج کی ادائیگی کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور نے واضح کیا کہ آئندہ مرحلے سے متعلق ہدایات موصول ہونے تک حج 2027 تا 2030 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا۔ وزارت نے تمام خواہشمند عازمین حج سے جلد رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ آئندہ حج پالیسی کے تحت اپنی اہلیت برقرار رکھ سکیں۔

editor

Related Articles