خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان برقرار ہے جہاں گزشتہ دو روز کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 250 روپے اضافہ ہونے کے بعد اس کی قیمت 2,900 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں میدے کی قیمتوں میں بھی ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ فائن آٹا، اسپیشل آٹا، مکس آٹا اور سرخ آٹے کے 20 کلو تھیلوں اور 80 کلو بوریوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث شہر بھر میں تندور مالکان نے روٹی کا وزن مزید کم کر دیا ہے۔ نان بائیوں کا کہنا ہے کہ پنجاب سے آٹے کی سپلائی پر پابندی کے باعث قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں آٹے کی قیمت بڑھنے کے ساتھ روٹی کا وزن بھی کم کرنا پڑا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب اس معاملے پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔