چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال سمیت اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور اسحاق ڈار کی ملاقات دفتر خارجہ میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کے معاملات، سیاسی پیش رفت اور عوامی مسائل کے حوالے سے گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے عمل پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد دی، اس موقع پر بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان میں منتخب حکومت کے قیام کے لیے تعاون اور معاونت پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ وہاں شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابات کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام، عوامی فلاح و بہبود اور جمہوری عمل کے تسلسل کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں خطوں میں عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی عمل کے فروغ اور جمہوری اقدار کے استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔