وزارت دفاع نے بجٹ 2024-25ء میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 5.63 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت دفاع نے آئندہ مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 5 ارب 63 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ تجاویز کے مطابق آئندہ بجٹ میں وزارت دفاع کیلئے مجموعی طور پر 29 منصوبے شامل ہیں جن میں 9 جاری منصوبوں کے لیے 3 ارب 92 کروڑ روپے اور 20 نئی سکیموں کے لیے 1 ارب 71 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت ٹاکرا، پاکستان کے جیتنے چانسز زیادہ یا بھارت کا پلڑا بھاری؟ گوگل نے بھی پیش گوئی کر دی
وزارت دفاع کی تجاویز میں ایمرجنسی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کے لئے ڈرون کی خریداری کے لئے فنڈز بھی شامل ہیں ، جس میں پروجیکٹ کے لئے 40 کروڑ روپے خرچ ہونگے ۔ اس کے علاوہ ریسرچ اور ریجنل سینٹر کی تعمیر کے لئے 5 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ۔گوادر اور گلگت میں ایف جی جونیئر پبلک اسکولوں کی تعمیر کے لئے 38 کروڑ روپے، اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف پاکستان میں اکیڈمک بلاک کی تعمیر کے لئے 30 کروڑ روپے اور میڈیکل سٹی کے قیام کے لئے زمین کی خریداری کے لئے 62 کروڑ روپے کی تجاویز بھی شامل ہیں ۔
اس کے علاوہ این آئی اے ایچ ڈی سینٹر فار ایکسیلینس کے قیام کے لئے 60 کروڑ روپے اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پاکستان ایوی ایشن سٹی پروجیکٹ کے لئے 86 کروڑ روپے اور گرین آرٹیفیشل انٹیلی جنس پروجیکٹ کے لئے بھی 73کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی تجاویز شامل ہیں ۔

