جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل دوسرے روز بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جار ی ، متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ شدید بارش کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے بعد صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔ پانی کی سطح میں اضافے کے باعث انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں اور نالہ لئی کے اطراف آبادیوں میں رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مسلسل بارش کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ متعدد اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ نکاسی آب کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں جبکہ پانی جمع ہونے والے علاقوں میں مشینری کے ذریعے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور شدید بارش کے دوران ندی نالوں، برساتی نالوں اور پانی کے تیز بہاؤ والے مقامات کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔ شہریوں کو خاص طور پر بچوں کو نالوں اور کھلے مین ہولز سے دور رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب اور ندی نالوں میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں، ہنگامی صورت میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی خطرناک صورتحال میں فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہوجائیں۔