پجیرو کے شوقین افراد کیلئے بڑی خوشخبری، نئی گاڑی کی قیمت اور فیچر حیران کن

پجیرو کے شوقین افراد کیلئے بڑی خوشخبری، نئی گاڑی  کی قیمت اور فیچر حیران کن

مٹسوبشی نے اپنی مشہور اور پاکستان میں مقبول آف روڈ گاڑی پجیرو کی پانچویں جنریشن متعارف کرا دی ہے جس کے بعد پجیرو کے شوقین افراد میں ایک بار پھر اس گاڑی کی واپسی کے حوالے سے دلچسپی بڑھ گئی ہے۔

نئی پجیرو کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ جدید طاقتور اور کشادہ بنایا گیا ہے۔ کمپنی نے اسے سات نشستوں والی فلیگ شپ آف روڈ ایس یو وی کے طور پر تیار کیا ہے، یعنی ایسی گاڑی جو عام سڑکوں کے ساتھ ساتھ خراب، پتھریلے اور مشکل راستوں پر بھی بہتر کارکردگی دکھا سکے۔

پاکستان میں واپسی کی امید ؟

نئی پجیرو ابھی سب سے پہلے تھائی لینڈ کی مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کی جائے گی جبکہ مٹسوبشی کا منصوبہ ہے کہ اسے جاپان اور آسٹریلیا کے بعد پاکستان میں بھی  متعارف کرایا جائے نئی پجیرو کی عالمی واپسی نے پاکستان میں اس کے پرانے شوقین افراد کی توجہ ضرور حاصل کرلی ہے۔

 مٹسوبشی نئی پجیرو کو پاکستان میں باضابطہ طور پر متعارف کراتی ہے تو یہ مقامی مارکیٹ میں ٹویوٹا فورچیونر سمیت بڑی سات نشستوں والی ایس یو ویز کیلئے ایک اہم حریف بن سکتی ہے۔

شکل بالکل بدل گئی

مٹسوبشی نے نئی پجیرو کو پرانے ماڈلز جیسی شکل دینے کے بجائے بالکل جدید ڈیزائن دیا ہے۔ گاڑی کے اگلے حصے میں بڑی اور چوڑی گرِل، نمایاں وہیل آرچز اور مضبوط نچلا حصہ دیا گیا ہے، جس سے یہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ طاقتور نظر آتی ہے۔

گاڑی کی اونچی سسپنشن، سائیڈ اسٹیپس اور مڈ فلیپس اس بات کا اشارہ دیتے ہیں کہ مٹسوبشی نے اسے صرف شہر کی سڑکوں کیلئے نہیں بلکہ آف روڈ سفر کیلئے بھی تیار کیا ہے۔

نئی پجیرو کی لمبائی 4,920 ملی میٹر، چوڑائی 1,925 ملی میٹر اور اونچائی 1,910 ملی میٹر ہے، جبکہ اس کا وہیل بیس 2,870 ملی میٹر ہے۔ مختلف ماڈلز میں 20 انچ تک کے پہیے بھی دستیاب ہوں گے۔

پرانے ماڈل کے برعکس نئی پجیرو میں روایتی ٹیل گیٹ استعمال کیا گیا ہے جبکہ اضافی پہیہ گاڑی کے نیچے رکھا گیا ہے۔

سات افراد کیلئے کشادہ گاڑی

نئی پجیرو کی سب سے نمایاں خصوصیات میں سے ایک اس کی تین قطاروں والی نشستیں ہیں۔ گاڑی میں ایک وقت میں سات افراد بیٹھ سکتے ہیں۔

دوسری قطار کو تقریباً 150 ملی میٹر آگے یا پیچھے کیا جاسکتا ہے جبکہ اسے فولڈ بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس سہولت سے تیسری قطار میں بیٹھنے والوں کیلئے جگہ بنانا آسان ہوگا اور ضرورت پڑنے پر سامان رکھنے کیلئے بھی اضافی جگہ حاصل کی جاسکے گی۔

یہ بھی پڑھیں:گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، بنک کی نئی آفر آ گئی

مٹسوبشی نے گاڑی کی چھت بھی نسبتاً بلند رکھی ہے تاکہ پچھلی نشستوں پر بیٹھنے والے افراد کو سر کے اوپر زیادہ جگہ مل سکے۔

اندر سے بھی جدید

نئی پجیرو کے مہنگے ماڈلز میں لیدر سیٹیں، نرم میٹریل والا ڈیش بورڈ اور مضبوط گراب ہینڈلز دیے گئے ہیں۔

گاڑی میں تین زون والا آٹومیٹک کلائمیٹ کنٹرول، ڈبل گلیزڈ سائیڈ ونڈوز، ایکوسٹک ونڈ اسکرین، دوسری قطار کی گرم نشستیں اور سینٹر آرم ریسٹ کے نیچے ٹھنڈا اسٹوریج کمپارٹمنٹ بھی موجود ہوگا۔

اعلیٰ ماڈلز میں ڈیش بورڈ پر دو 14.3 انچ اسکرینیں دی گئی ہیں جبکہ کم قیمت والے ماڈلز میں 12.3 انچ اسکرینیں استعمال ہوں گی۔

مٹسوبشی نے گاڑی میں جدید ٹیکنالوجی کے باوجود اہم کاموں کیلئے روایتی بٹن اور فزیکل کنٹرولز بھی برقرار رکھے ہیں، جبکہ فور وہیل ڈرائیو کے مختلف موڈز تبدیل کرنے کیلئے روٹری کنٹرولر دیا گیا ہے۔

تینوں قطاروں میں USB چارجنگ پورٹس موجود ہوں گے جبکہ بہتر ماڈلز میں 12 اسپیکرز والا یاماہا ساؤنڈ سسٹم بھی ملے گا۔

طاقتور ڈیزل انجن

نئی پجیرو میں 2.4 لیٹر چار سلنڈر ٹربو ڈیزل انجن استعمال کیا گیا ہے۔ یہی انجن مٹسوبشی ٹرائٹن پک اپ میں بھی استعمال ہوتا ہے۔

یہ انجن 204 ہارس پاور اور 480 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے اور اسے نئی جنریشن کے آٹھ اسپیڈ آٹومیٹک گیئر باکس کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

سادہ الفاظ میں ٹارک گاڑی کی کھینچنے کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے، اس لیے 480 نیوٹن میٹر ٹارک کا مطلب ہے کہ نئی پجیرو مشکل راستوں، چڑھائیوں اور بھاری بوجھ کے ساتھ بہتر کارکردگی کیلئے تیار کی گئی ہے۔

آف روڈ کیلئے خاص طور پر تیار

نئی پجیرو کو مٹسوبشی ٹرائٹن کے مضبوط سیڑھی نما فریم پر بنایا گیا ہے۔ کمپنی نے اس فریم میں زیادہ مقدار میں ہائی ٹینسائل اسٹیل استعمال کیا ہے، جس سے گاڑی کی مضبوطی اور پائیداری بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

گاڑی میں آگے ڈبل وش بون اور پیچھے فائیو لنک رِجڈ ایکسل سسپنشن دیا گیا ہے۔

نئی پجیرو کی گراؤنڈ کلیئرنس 230 ملی میٹر ہے، یعنی گاڑی کا نچلا حصہ زمین سے کافی اونچائی پر ہے۔ اس کا فائدہ خاص طور پر پتھریلے اور ناہموار راستوں پر ہوتا ہے جہاں گاڑی کے نیچے کا حصہ زمین سے ٹکرانے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

اس کے علاوہ گاڑی کا اپروچ اینگل 30.4 ڈگری، بریک اوور اینگل 22.6 ڈگری اور ڈپارچر اینگل 25.8 ڈگری رکھا گیا ہے، جو اسے آف روڈ ڈرائیونگ کیلئے موزوں بناتے ہیں۔

فور وہیل ڈرائیو بھی موجود

نئی پجیرو میں مٹسوبشی کا سپر آل وہیل کنٹرول (S-AWC) سسٹم معیاری طور پر دیا گیا ہے۔

یہ نظام گاڑی کے چاروں پہیوں، ٹریکشن کنٹرول، اسٹیبلٹی کنٹرول اور ABS سمیت مختلف نظاموں کو ایک ساتھ استعمال کرتا ہے۔

جب گاڑی پھسلن کیچڑ یا ناہموار راستے پر چلتی ہے تو یہ نظام ڈرائیور کی ان پٹ اور سڑک کی صورتحال کے مطابق پہیوں تک طاقت اور بریکنگ کو ایڈجسٹ کرتا ہے، جس سے گاڑی پر کنٹرول بہتر رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

پجیرو کے شوقین افراد کیلئے بڑی خبر

پجیرو کبھی پاکستان میں طاقتور اور قابل اعتماد آف روڈ گاڑیوں کے شوقین افراد میں خاصی مقبول رہی ہے۔ نئی جنریشن کی آمد سے اس گاڑی کے پرانے مداحوں کی دلچسپی دوبارہ بڑھ سکتی ہے۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ نئی پجیرو پاکستان میں کب آئے گی اور اگر اسے مقامی مارکیٹ میں لانچ کیا گیا تو اس کی قیمت کیا ہوگی۔

فی الحال مٹسوبشی نے اس کی عالمی واپسی کا آغاز تھائی لینڈ سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ جاپان اور آسٹریلیا میں اس کی آمد 2027 کے آغاز تک متوقع ہے۔

یعنی پجیرو کا نام ایک بار پھر عالمی ایس یو وی مارکیٹ میں واپس آگیا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان میں اس کی واپسی کب ہوتی ہے اور اگر نئی پجیرو پاکستانی سڑکوں پر آتی ہے تو فورچیونر سمیت دیگر بڑی ایس یو ویز کیلئے کتنی بڑی مشکل بنے گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles