پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے پاکستانی اور بھارتی کوک اسٹوڈیو کے درمیان فرق بتاتے ہوئے پاکستانی ورژن کی سب سے بڑی خوبی کو ’جادو‘ قرار دیا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران عاطف اسلم سے دونوں ممالک کے کوک اسٹوڈیو میں پیش کی جانے والی موسیقی کے بارے میں سوال کیا گیا۔ ان سے پوچھا گیا کہ پاکستانی کوک اسٹوڈیو کو بھارتی ورژن پر کیا برتری حاصل ہے؟ عاطف اسلم نے مسکراتے ہوئے صرف ایک لفظ میں جواب دیا، ’جادو‘۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں اچھی موسیقی اور دھنیں بنائی جاتی ہیں، تاہم پاکستانی موسیقی میں وہ خام پن اور اصلیت موجود ہے جو اسے منفرد بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کوک اسٹوڈیو میں کمرشل انداز پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے، جبکہ پاکستانی کوک اسٹوڈیو میں اصل اور منفرد دھنوں کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
عاطف اسلم کے مطابق پاکستانی کوک اسٹوڈیو کی دھنوں پر کئی افراد مل کر کام کرتے ہیں، جبکہ گلوکاروں کو اپنی تخلیقی صلاحیت اور منفرد انداز شامل کرنے کی بھی آزادی دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی تخلیقی آزادی اور موسیقی کی اصل روح پاکستانی کوک اسٹوڈیو کو ایک الگ پہچان دیتی ہے۔