رجب بٹ کی سابق اہلیہ ایمان اسد کے وکیل کے مطابق رجب بٹ نے اپنے وکیل کے ذریعے ایک مرتبہ پھر ایمان اسد کو عزت کا قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔
وکیل کا کہنا ہے کہ نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایمان اسد کی جانب سے شیئر کی جانے والی بعض ویڈیوز، ریلز اور تبصرے رجب بٹ کو بدنام کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
ایمان اسد کے وکیل کے مطابق قانونی نوٹس میں ان الزامات کے حوالے سے کوئی قابل ذکر ثبوت فراہم نہیں کیا گیا، جس کے بعد ان کی جانب سے نوٹس کا جواب جمع کرا دیا گیا ہے۔
وکیل نے بتایا کہ جواب میں متعلقہ شواہد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ الزامات کی نوعیت اور بنیاد کو سمجھا جا سکے۔ ان کے مطابق انہیں یہ نوٹس قانونی کارروائی کے بجائے اپنی موکلہ کو ہراساں کرنے کی کوشش محسوس ہوا۔
رجب بٹ اور ایمان اسد کے درمیان علیحدگی کے بعد دونوں سے متعلق مختلف دعوے اور بیانات سوشل میڈیا پر زیر بحث رہے ہیں، جبکہ رجب بٹ کی جانب سے سابق اہلیہ کو قانونی نوٹس بھیجے جانے پر بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
واضح رہے کہ قانونی نوٹس میں عائد الزامات اور فریقین کے مؤقف سے متعلق حتمی فیصلہ متعلقہ قانونی فورم ہی کر سکتا ہے۔