نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز منظور

نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز منظور

نان فائلرز کیلئے مشکلات میں اضافہ، بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز منظور کر لی گئی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی ، فون اور انٹرنیٹ پر 75فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے ، بجلی اور گیس کے کنکشن منقطع کرنے ،تنخواہ دار طبقے کا سلیب کم کرنے اور ٹیکس بڑھانے کی تجویز منظور کر لی گئی ، البتہ ٹیکس وصولی کیلئے پارلیمنٹیرینز کا ریکارڈ نادرا کو دینے کی تجویز مسترد کردی گئی جبکہ چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے انکشاف کیا ہے کہ نئے بجٹ میں پیک شدہ دالوں، چاول، مصالحہ جات،نمک مرچ، آٹے اور چینی سمیت کھانے پینے کی تمام چیزوں پر18 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا ہے،عام دکانوں پر فروخت ہونے والی کھلی اشیا پر اضافی ٹیکس نہیں لگایا گیا ۔

مزید پڑھیں: بجٹ میں ٹیکسز میں اضافے پر تنخواہ دار طبقہ شدید پریشان

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا سینیٹرسلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں نان فائلرز کے فون اورانٹرنیٹ پر 75 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دید ی گئی تاہم یکم جولائی سیپراپرٹی پر 15 فیصد کیپیٹل گین ٹیکس عائد کرنے اور ٹیکس وصولی کیلئے پارلیمنٹیرینز کا رکارڈ نادرا کو دینے کی تجویز مسترد کر دی۔سینیٹر انوشے رحمان نے کہا کہ نادرا کا ڈیٹا محفوظ نہیں ہے، چیئرمین ایف بی آر کا کہناتھا کہ ایس آئی ایف سی نے نادرا کو ڈیٹا دینے کا کہا ہے، گریڈ 17 اور 22 کے افسران کا ڈیٹا بھی دیا جائے گا تاہم کمیٹی نے سیاستدانوں کا ڈیٹا نادرا کو دینے کی تجویز مسترد کردی۔چیئرمین ایف بی آر کا کہناتھا کہ فنانس بل میں پراپرٹی کی خریداری پر لیٹ فائلر کی شق متعارف کرائی ہے، لیٹ فائلرز کا ٹیکس ریٹ فائلر اورنان فائلر کے درمیان رکھنے کی تجویز ہے،سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ لیٹ فائلر پر ٹیکس نان فائلر کے برابر ہونا چاہیے ،انوشے رحمان نے کہا کہ فائلرز پر مہربانی کریں اور نان فائلر پر ٹیکس بڑھائیں، قائمہ کمیٹی نے پراپرٹی پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز موخر کر دی جبکہ فاٹا اور پاٹا کیلئے ٹیکس استثنی ایک سال کیلئے بڑھانے کی تجویز بھی مسترد کر دی گئی ۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ہم نے کابینہ میں استثنی میں توسیع کی مخالفت کی لیکن کابینہ نے نہیں مانی،آئی ایم ایف نے ضم شدہ اضلاع کو ٹیکس استثنی دینے کی مخالفت کی تھی، سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پورے ملک کی انڈسٹری کو فاٹا پاٹا کو حاصل مراعات سے مسائل ہیں، ایسا کرنے سے انڈسٹری کے مسائل میں اضافہ ہو گا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے انکشاف کیا کہ پیک شدہ دالوں، چاول، مصالحہ جات،نمک مرچ، آٹے اور چینی سمیت کھانے پینے کی تمام چیزوں پر18 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔عام دکانوں پر فروخت ہونے والی کھلی اشیا پر اضافی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ قائمہ کمیٹی نے بچوں کے فارمولا دودھ پر عائد 18 فیصد جی ایس ٹی میں کمی کی سفارش کی تو چئیرمین ایف بی آر بولے غریب مائیں بچوں کے لیے فارمولہ دودھ استعمال نہیں کرتیں ۔کمپنیاں دودھ کی قیمت کم کریں تو ٹیکس کم کردیں گے۔سینیٹر فاروق نائیک نے تجویز دی کہ ٹیکس چوری میں ملوث کمپنیوں کو بلیک لسٹ کریں۔ سیلز ٹیکس ان ڈائریکٹ ٹیکس ہے جو صارف کو ادا کرنا پڑے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *