ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبےسے منائی جارہی ہے

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ  آج مذہبی جوش و جذبےسے منائی جارہی ہے

ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبےسے منائی جارہی ہے، وزیراعظم اور افواج پاکستان کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی گئی ہے۔ 

پاکستان بھر میں عید قرباں كے سلسلے میں  تمام چھوٹے بڑے شہروں اور گاؤں دیہات میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد كیے جارہے ہیں۔

نماز عید کی ادائیگی اور خطبہ عید الاضحی کے بعد عالم اسلام کی سربلندی، ملکی ترقی و خوشحالی، فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کے لیے بھی دعائیں کی جائیں گی۔

بعد نماز عید ارض وطن کے کونے کونے میں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کریں گے جن کی خریداری گذشتہ کئی روز سے زور و شور سے کی جارہی تھی۔

عید الاضحی کے تینوں ایام میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانور قربان کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا، شہری اللہ کی راہ میں انفرادی اور اجتماعی قربانی کریں گے، اور قربانی کا گوشت مساکین اور غربا میں تقسیم کیا جائے گا۔

دریں اثنا صدر پاکستان آصف علی زرداری نواب شاہ میں عید منائیں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر نماز عید ادا کریں گے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف اور  وزیراعلی پنجاب مریم نواز عید جاتی امرا رائیونڈ میں  منائیں گے۔

وزیراعظم کی قوم کو عید کی مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عید الاضحیٰ  کی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ آپس میں  اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔ اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ  میں عید کے پرمسرت موقع پر ہم وطنوں اور تمام مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،  آئیں اس مبارک دن کے حقیقی معنوں کو سمجھتے ہوئے آپس میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں ۔

پاک فوج کی جانب سے قوم کو مبارکباد

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کا مقدس و بابرکت موقعہ قربانی کے عظیم تر جذبے کی یاد دلاتا ہے، اس مبارک دن پر ہم وطن کی آزادی اور امن کے لئے اپنے شہداء اور غازیوں کے مقروض ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ وطن کیلئے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، اور اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کے مذموم عزائم سے محفوظ رکھے، آمین۔

 

 

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *