اسلام آباد، لاہور اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلےکے شدید جھٹکے، شدت 5.9 ریکارڈ

اسلام آباد، لاہور اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلےکے شدید جھٹکے، شدت 5.9 ریکارڈ

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی ریجن کے علاوہ پنجاب میں لاہور، میانوالی شہر اور ملحقہ علاقوں، چکوال شہر اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

خیبرپختونخوا میں پشاور، شانگلہ، بونیر، مردان، چارسدہ، سوات، صوابی، کوہاٹ، کرک، ملاکنڈ، باجوڑ، ہنگو، لوئر دیر، جنوبی وزیرستان لوئر اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

آزاد کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے، جبکہ گلگت بلتستان میں دیامر شہر اور گردونواح میں بھی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان عالمی امن مشنز میں صفِ اول کا شراکت دار، امن و استحکام کیلئے خدمات جاری رہیں گی ، وزیراعظم

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 178 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا اور جھٹکے شام 6 بج کر 35 منٹ پر محسوس کیے گئے۔

دوسری جانب یورپی زلزلہ مرکز کے مطابق افغانستان کے ہندوکش ریجن میں آنے والے زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔

پشاور میں زلزلے کے باعث خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس احتیاطی طور پر پانچ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

Related Articles