عالمی سطح پر مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ اپنے صارفین کی سہولت اور وقت کی بچت کے لیے ایک اور جدید سہولت پر کام کر رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اب ایپ کے اندر ایک ایسا مخصوص بٹن یا آپشن شامل کیا جا رہا ہے جس کی مدد سے صارف کسی بھی دوسرے شخص کو میسج ٹائپ کیے بغیر لوکیشن شیئر کرنے کی براہِ راست درخواست بھیج سکے گا۔
ٹیکنالوجی خبروں کی معروف ویب سائٹ کے مطابق یہ نیا فیچر واٹس ایپ کی جدید ترین اینڈرائیڈ بیٹا اپ ڈیٹ (ورژن 2.26.41.11) کی اے پی کے (APK) فائل کے تکنیکی تجزیے کے دوران سامنے آیا ، ٹیسٹنگ کے دوران اس فیچر کو دستی طور پر فعال کر کے چیک کیا گیا، جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ میٹا کی ملکیت میں شامل یہ کمپنی اس سہولت کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔
موجودہ نظام کے تحت اگر آپ کو اپنی لوکیشن کسی کو بھیجنی ہو تو نقشے کے ذریعے موجودہ (کرنٹ) یا متحرک (لائیو) لوکیشن بھیجنا ممکن ہے، لیکن اگر آپ کو سامنے والے سے اس کی موجودگی کا مقام معلوم کرنا ہو تو اس کے لیے ٹیکسٹ میسج لکھ کر کہنا پڑتا ہے، نیا فیچر اس روایتی عمل کو بالکل ختم کر دے گا۔
لوکیشن شیئرنگ والے مینو میں اب ‘ریکویسٹ لوکیشن’ (Request Location) کا ایک الگ آپشن نظر آئے گا ، جیسے ہی صارف اس پر کلک کرے گا، چیٹ ونڈو کے اندر ایک خاص ڈیزائن کا لوکیشن کارڈ بن کر دوسرے شخص کو موصول ہو جائے گا۔
اس کا بنیادی مقصد بات چیت کو مزید مختصر، آسان اور نمایاں بنانا ہے، فی الحال یہ آپشن تاحال آزمائشی اور تیاری کے مرحلے میں ہے، اور کمپنی کی جانب سے اس کے باقاعدہ اجرأ کی تاریخ کا اعلان کیا جانا باقی ہے۔