قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے بعد اوپننگ بیٹر امام الحق کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی گرین سگنل مل گیا ہے۔
پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد اب دونوں کھلاڑی ڈومیسٹک سیزن میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
زرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے امام الحق کو پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد وہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) کی نمائندگی کریں گے۔
او جی ڈی سی ایل کی انتظامیہ نے بھی امام الحق کی ٹیم میں دستیابی اور شرکت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان محمد رضوان کو بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کی اجازت دی گئی تھی ، محمد رضوان 19 اکتوبر سے شروع ہونے والے پریذیڈنٹ ٹرافی میں خان ریسرچ لیبارٹریز (KRL) کے خلاف سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
محمد رضوان آئندہ ماہ شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی میں بھی پشاور کی نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ محمد رضوان اور امام الحق ان سات اہم کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں اگست 2026 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز کی شکست کے بعد ہنگامی بنیادوں پر وطن واپس بلا لیا گیا تھا۔
دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فونز نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے تحقیقات کے سلسلے میں اپنی تحویل میں لیے تھے تاہم، طویل تحقیقاتی مرحلے اور پی سی بی کی جانب سے کلیئرنس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جس سے ان کی قومی ٹیم میں دوبارہ شمولیت کے امکانات بھی پیدا ہو گئے ہیں۔