عبدالستار ایدھی کا کردار ادا کرنے کی خواہش، رجب بٹ کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا

عبدالستار ایدھی کا کردار ادا کرنے کی خواہش، رجب بٹ کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا

پاکستان کے معروف  یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئے ہیں ، اس  بار ان کا سرخیوں میں آنے کا سبب انسانیت کی خدمت کے لیے معروف، مرحوم عبدالستار ایدھی کی زندگی پر بننے والی ممکنہ بائیو پک میں ان کا کردار ادا کرنے کی خواہش ہے۔ 

تاہم، ان کے اس بیان نے انٹرنیٹ صارفین کو شدید غصہ دلا دیا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف تنقید کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

پوڈکاسٹ میں اہم انکشاف

یہ سارا معاملہ حال ہی میں اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ کے دوران سامنے آیا۔ گفتگو کے دوران جب رجب بٹ سے سوال کیا گیا کہ وہ  کس نامور شخصیت کی بائیو پک (سوانح عمری) میں مرکزی کردار نبھانا پسند کریں گے، تو انہوں نے پہلے تو روایتی مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ہی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کرنا چاہیں گے کیونکہ ان کی زندگی واقعات سے بھری اور دلچسپ ہے۔

تاہم، بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کا نام لیا ،  رجب بٹ کا کہنا تھا کہ وہ ایدھی صاحب سے دل سے محبت کرتے ہیں اور اگر موقع ملے تو ان کا کردار ادا کرنا ان کے لیے اعزاز ہوگا ،  ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی شامل کیا کہ اس کا حتمی فیصلہ ناظرین پر منحصر ہوگا کہ آیا وہ انہیں اس روپ میں قبول کرتے ہیں یا نہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا تند و تیز ردعمل 

یوٹیوبر کا یہ بیان منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔ اکثریت نے رجب بٹ کی شخصیت اور عبدالستار ایدھی کے عظیم مرتبے کا موازنہ کرتے ہوئے ان کی خواہش کو ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا۔

صارفین نے مختلف تبصروں کے ذریعے ان پر شدید تنقید کی ، ایک صارف نے لکھا: “فلم میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کرنے سے پہلے ذرا خود کو بھی دیکھ لیں، یہ سنجیدہ اور عظیم کردار آپ کی شخصیت پر بالکل بھی نہیں جچتا۔”

یہ بھی پڑھیں :امیتابھ بچن کا کام جاری رکھنے کا اعلان، ریٹائرمنٹ سے متعلق کیا کہا؟

ایک اور صارف نے انتہائی سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا: “جو شخص اپنے ذاتی بچوں کی دیکھ بھال صحیح طریقے سے نہیں کر سکتا، وہ ہزاروں یتیم بچوں کے سہارے یعنی ایدھی صاحب کا کردار کیسے نبھا سکتا ہے؟”

عبدالستار ایدھی پاکستان کی ایک ایسی معتبر اور محترم شخصیت ہیں جن کا احترام ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا فرد کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رجب بٹ کے اس بیان کو عوامی سطح پر ایک غير سنجیدہ پیشکش سمجھا جا رہا ہے۔ فی الوقت، رجب بٹ کی اس خواہش نے سوشل میڈیا پر ایک گرم گرم بحث چھیڑ دی ہے جہاں اکثریت ان کے اس دعوے سے بالکل متفق دکھائی نہیں دیتی۔

editor

Related Articles