خیبر پختونخوا میں سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچانے کا سلسلہ جاری، مردان میں احساسِ بے زبان صحت گاڑی متعارف

خیبر پختونخوا میں سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچانے کا سلسلہ جاری، مردان میں احساسِ بے زبان صحت گاڑی متعارف

خیبر پختونخوا میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مقامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے اقدامات کے سلسلے میں مردان میں مویشی پال حضرات کے لیے اہم منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مردان شاہ سعود نے ڈسٹرکٹ لائیو اسٹاک آفس کا دورہ کیا اور انٹیگریٹڈ لائیو اسٹاک ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت احساسِ بے زبان صحت گاڑی کا افتتاح کیا۔

عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور سہولیات کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کے تصور کے تحت شروع کیے گئے اس منصوبے کے ذریعے دور دراز علاقوں میں مویشی پالنے والے کسانوں کو جانوروں کے علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ موبائل ویٹرنری کلینک کے ذریعے کسانوں کو جانوروں کی بیماریوں کے علاج اور تشخیص کے لیے اپنے علاقوں سے دور جانے کی ضرورت کم ہوگی۔

اس موقع پر منصوبے کے ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر محمد عمران نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کے اغراض و مقاصد، دائرہ کار اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی دور کی معدنیاتی لوٹ مار کا کچا چٹھا کھل گیا ، 16 ارب 94 کروڑ کی لوٹ مار پکڑی گئی، سرکاری آڈٹ رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

احساسِ بے زبان صحت گاڑی  کے ذریعے جانوروں کی ویکسینیشن، مختلف بیماریوں کا علاج، ضروری طبی ٹیسٹ اور جانوروں سمیت ان کے باڑوں میں چیچڑوں سے بچاؤ کے لیے اسپرے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ گاڑی میں الٹراساؤنڈ کی سہولت بھی موجود ہے، جس کے ذریعے جانوروں کے حاملہ ہونے یا نہ ہونے کا موقع پر ہی معائنہ کیا جا سکے گا۔

منصوبے کا مقصد مویشی پال حضرات کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ جانوروں کی صحت بہتر بنانا اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو ترقی دینا ہے۔ اس کے علاوہ کسانوں میں جانوروں کی مناسب دیکھ بھال، بیماریوں سے بچاؤ اور بہتر انتظام کے حوالے سے آگاہی بھی پیدا کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر مردان شاہ سعود نے منصوبے کو مویشی پال حضرات کے لیے اہم سہولت قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ موبائل ویٹرنری کلینک کی خدمات دور دراز علاقوں تک پہنچائی جائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان اس سے مستفید ہو سکیں۔

ضلعی انتظامیہ مردان کے ترجمان کے مطابق ’’احساسِ بے زبان صحت گاڑی‘‘ کا آغاز مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس نوعیت کے منصوبوں سے مقامی سطح پر عوامی ضروریات پوری کرنے، جانوروں کی صحت کے مسائل بروقت حل کرنے اور دیہی معیشت سے وابستہ افراد کو سہولت فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles