سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف سخت پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ متعدد خلاف ورزیوں پر صرف چالان کرنے کے بجائے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف براہِ راست مقدمات درج کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے شہر میں ٹریفک نظم و ضبط قائم کرنے اور خطرناک ڈرائیونگ کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی، سڑک بلاک کرنے اور نمبر پلیٹ چھپانے یا اس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس فلیشر لائٹس، غیر قانونی نیلی بتی اور گرین نمبر پلیٹس کے استعمال پر بھی مقدمات درج ہوں گے۔
حکام کے مطابق ریش ڈرائیونگ، غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلانے، تیز رفتاری، زگ زیگ ڈرائیونگ، ڈرفٹنگ اور سڑکوں پر ہلڑبازی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا، شہر میں ٹریفک نظم و ضبط بہتر کرنا اور سڑکوں پر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
