محکمہ ہاؤسنگ نے وضاحت کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 220,994 خاندانوں کو قرض جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ قرضوں کی مد میں مجموعی طور پر 289,844 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ادارے نے یہ تفصیلات پروگرام سے متعلق قیاس آرائیوں کے تناظر میں جاری کیے گئے وضاحتی بیان میں بتائیں۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق مصدقہ رئیل ٹائم اعدادوشمار کے تحت اب تک 224,320 افراد کے قرض منظور ہو چکے ہیں، جبکہ 3,326 خاندانوں کے کیس قرض جاری ہونے کے قریب ہیں۔ ان خاندانوں کے لیے 4,615 ملین روپے کے قرض جاری کرنے کی تیاری مکمل ہے۔
بیان کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 127,036 خاندانوں نے گھروں کی تعمیر مکمل کر لی ہے، جبکہ 60,253 گھر اس وقت زیر تعمیر ہیں۔ اس کے علاوہ 170,523 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے دوسری قسط بھی جاری کی جا چکی ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پروگرام کے تحت قرضوں کی اقساط کی واپسی بھی جاری ہے اور اب تک 22,162 ملین روپے واپس وصول کیے جا چکے ہیں۔
ادارے نے اپنے بیان میں کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا ڈیٹا رئیل ٹائم پورٹل پر اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور اعدادوشمار میں شفافیت یقینی بنائی گئی ہے۔ بیان کے مطابق ٹائپنگ کی غلطی کے باعث اعدادوشمار میں فرق دیکھنے میں آیا۔
محکمہ ہاؤسنگ نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر مستحق خاندانوں کی فلاح و بہبود کا منصوبہ ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق اس منصوبے میں میرٹ اور شفافیت کو خصوصی طور پر یقینی بنایا گیا ہے۔