عالمی سطح پر مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ‘یوٹیوب’ نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس (iOS) صارفین کے لیے ایپ کے انٹرفیس میں اہم اختراعات اور نئے فیچرز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان جدید تبدیلیوں کا بنیادی مقصد صارفین کو ان کی پسندیدہ ویڈیوز اور مخصوص موضوعات تک بلا تاخیر رسائی فراہم کرنا ہے۔
ٹیکنالوجی کی معروف ویب سائٹ ’9to5Google‘ کی رپورٹ کے مطابق، یوٹیوب اپنی موبائل ایپس کی ‘ٹاپ بار’ (Top Bar) کا بنیادی ڈیزائن تبدیل کر رہا ہے۔
نئے لے آؤٹ کے تحت ‘سبسکرپشنز’ (Subscriptions) کے آپشن کو سکرین کے نچلے حصے سے ہٹا کر اوپر ہوم بٹن کے بالکل ساتھ منتقل کیا جا رہا ہے، جس کی نشاندہی ایک سرخ لکیر سے ہوگی۔
علاوہ ازیں، ہوم پیج پر لائیو میوزک، موویز اور ٹی وی شو جیسے شعبوں کے لیے علیحدہ فیڈز شامل کی گئی ہیں۔
صارفین کے لیے ‘کسٹم فیڈز’ کا نیا فیچر
اس اپ ڈیٹ کی سب سے اہم خصوصیت پلس (+) آئیکن کے ذریعے ‘کسٹم فیڈز’ بنانے کا فیچر ہے ، اس نظام کے تحت صارفین اپنی مرضی کا کوئی بھی مخصوص موضوع (مثلاً بریکنگ نیوز، سپورٹس، یا ٹیکنالوجی) منتخب کر کے ایک الگ وال (Wall) تیار کر سکیں گے، جہاں صرف اسی موضوع سے متعلق ویڈیوز شو ہوں گی۔ اس سہولت سے صارفین کا بار بار سرچ بار میں جا کر ویڈیوز تلاش کرنے کا وقت بچے گا۔
مفت اور پریمیم صارفین کے لیے حدود
مفت صارفین ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 3 فعال کسٹم فیڈز محفوظ کر سکیں گے ، پریمیم صارفین: یوٹیوب پریمیم کے ممبران کو 8 کسٹم فیڈز تیار اور محفوظ کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
ابتدائی مرحلے میں یہ تمام جدید فیچرز اور کسٹم فیڈز کی سہولت صرف امریکا کے صارفین کے لیے فراہم کی جا رہی ہے، جس کے بعد مرحلہ وار اسے دنیا بھر کے دیگر ممالک کے لیے بھی رول آؤٹ کر دیا جائے گا۔