جنوبی افریقا میں 696 بوگیوں پر مشتمل ایک طویل مال بردار ٹرین نے دنیا کی سب سے لمبی مال گاڑی کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑنے کی کوشش کی ہے۔ اس ٹرین کی مجموعی لمبائی تقریباً 7.6 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔
جنوبی افریقا کے سرکاری مال بردار ریلوے ادارے ٹرانس نیٹ فریٹ ریل کے مطابق، یہ ٹرین اتوار کو سالڈانہ سے شمالی کیپ تک آئرن اور کی برآمدی ریلوے لائن پر اپنا سفر مکمل کرکے پہنچی۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد گینیز ورلڈ ریکارڈ میں درج دنیا کی طویل ترین مال بردار ٹرین کا ریکارڈ توڑنا تھا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 2001 میں آسٹریلیا میں قائم کیا گیا تھا، جب 682 بوگیوں پر مشتمل تقریباً 7.4 کلومیٹر طویل ٹرین چلائی گئی تھی۔
ریلوے آپریٹر کے مطابق، اس کوشش کا مقصد صرف عالمی ریکارڈ قائم کرنا نہیں بلکہ طویل مال گاڑیوں کے ڈیزائن، آپریشن، انتظام اور کارکردگی سے متعلق تکنیکی معلومات کو بہتر بنانا بھی تھا۔ اگر اس کوشش کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا گیا تو جنوبی افریقا دنیا کی طویل ترین مال بردار ٹرین کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرسکتا ہے۔