ملک بھر میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے طلبہ کی صحت اور حفاظت کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے یکم جولائی سے تمام اسکولوں میں ہر قسم کے سمر کیمپس کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو سمر کیمپس چلانے کی اجازت صرف30 جون تک دی گئی تھی، تاہم یکم جولائی سے شدید گرمی کے باعث سمر کیمپ کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنا لازمی ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ چکا ہے، جس کے باعث بچوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اسی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو ہیٹ ویو اور لو لگنے جیسے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
محکمہ تعلیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی تعلیمی ادارہ حکومتی احکامات کے باوجود سمر کیمپ جاری رکھتا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایسے اداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں، جبکہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں رجسٹریشن یا لائسنس کی منسوخی سمیت دیگر قانونی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
تعلیمی حکام نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں موجود سرکاری اور نجی اسکولوں کو ان احکامات سے فوری طور پر آگاہ کریں اور اس پر سو فیصد عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
احکامات پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے خصوصی معائنہ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں، جو یکم جولائی سے مختلف تعلیمی اداروں کے اچانک دورے کریں گی، اگر کسی اسکول میں پابندی کے باوجود سمر کیمپ جاری پایا گیا تو موقع پر ہی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی حالات میں بچوں کی جان و صحت کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام تعلیمی اداروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر مکمل عمل کریں اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے طلبہ کی صحت خطرے میں پڑ سکتی ہو۔