پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت کا قتل ہورہا، آئینی حقوق پامال کئے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پاکستان تحریک انصاف ف فردوس شمیم نقوی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ملک کی بہتری کے لیے تمام اداروں کواپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا ۔ ترنول میں ہم پر امن جلسہ کریں گے۔ فوج، پولیس اور رینجرز کو پھولوں کے گلدستے پیش کریں گے، یہ جلسہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )کے لیے اتحاد کا باعث بنے گا ۔ فردوس شمیم نقوی کا مزید کہنا تھا کہ جلسے میں ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل بھی شامل ہے ، آئین توڑنے والے کو کبھی معاف نہیں کریں گے اس کے علاوہ تمام چیزیں درگزر کر سکتے ہیں ۔ ملک میں جمہوریت کا قتل ہو رہا ، آئینی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں ۔
ہم سے جلسہ کرنے کا آئینی حق چھینا جارہا تھا، عامر مغل
دوسری جانب عامر مغل نے کہا کہ 3ماہ سے اسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، ہم سے جلسہ کرنے کا آئینی حق چھینا جارہا تھا۔ نیشنل پریس کلب(این پی سی ) کے باہر ہم نے احتجاج کیا، ہمیں پرامن احتجاج کرنے پر گرفتار کرکے دہشت گردی کے پرچے درج کئے گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 21 تاریخ کو پرامن احتجاج دوبارہ کیا، وہاں بھی ہم پر دہشت گردی کا مقدمہ درج ہوا ، ہماری حق رائے دہی کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، رمضان المبارک میں ہم نے 23 مارچ یا 29 مارچ کو جلسہ کرنے کی درخواست دی، سیاسی مخالفین معاملے کو ہائیکورٹ لے کر گئے ۔ عامر مغل کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا گیا کہ رمضان کے 27 ویں شب کو جلسہ کریں ہم نے انکار کر دیا، روات میں جلسہ کرنے کا کہا مگر وہ جگہ ٹھیک نہیں تھی وہاں سڑک کی مرمت کا کام جاری تھا۔