وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات انجام دینے والے ستھرا پنجاب پروگرام کے کارکنوں کے لیے فی کس دس ہزار روپے اعزازی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
عیدالاضحیٰ کے تینوں دنوں میں پنجاب حکومت کی نگرانی میں ایک وسیع صفائی مہم جاری رہی، جس کا مقصد قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور دیگر فضلات کو بروقت ٹھکانے لگا کر شہروں اور دیہات میں صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنا تھا۔
اس سلسلے میں لاہور کے لبرٹی چوک میں ایک اختتامی تقریب منعقد کی گئی جہاں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق سمیت مختلف اعلیٰ سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں وزیراعلیٰ کے مشیر ذیشان ملک، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، کمشنر لاہور مریم خان، ڈپٹی کمشنر علی اعجاز، ستھرا پنجاب کے سربراہ بابر صاحب دین اور فوکل پرسن عاصم محمود بھی موجود تھے،حکام نے صفائی کے فرائض انجام دینے والے کارکنوں سے ملاقات کی، ان کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران پنجاب بھر میں صفائی کا ایک غیر معمولی اور بڑے پیمانے کا عمل جاری رکھا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی اور دشوار حالات کے باوجود لاکھوں کارکنوں نے اپنے فرائض پوری ذمہ داری سے انجام دیے، جس کے نتیجے میں مختلف شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات مؤثر انداز میں برقرار رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صفائی مہم کے دوران جدید مشینری اور ضروری وسائل کا بھرپور استعمال کیا گیا تاکہ آلائشوں کو فوری طور پر اٹھایا جا سکے اور عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
مساجد، عیدگاہوں، قبرستانوں، مرکزی شاہراہوں اور رہائشی علاقوں سمیت ہزاروں مقامات کی صفائی کو یقینی بنایا گیا،اس دوران بڑی مقدار میں آلائشیں اور دیگر فضلات محفوظ طریقے سے منتقل کیے گئے جبکہ متعدد شکایات کا بروقت ازالہ بھی کیا گیا۔
ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پوری مہم کی مسلسل نگرانی کی اور مختلف اضلاع سے متعلق معلومات باقاعدگی سے حاصل کرتی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کی کامیابی حکومت کی مؤثر منصوبہ بندی، بہتر انتظامی صلاحیت اور کارکنوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہےانہوں نے ستھرا پنجاب کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔