190ملین پائونڈ ریفرنس میں پرویز خٹک کا عمران خان کیخلاف عدالت میں دیا گیا بیان سامنے آگیا۔
پرویز خٹک نے عدالت میں بیان دیا کہ 2019میں کابینہ اجلاس میں مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے بریفنگ دی کہ برطانوی اور پاکستانی حکومت کے مابین معاہدہ ہوا ہے، جس میں برطانیہ میں پکڑی گئی غیر قانونی رقم کو پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ غیر قانونی طور پر منتقل کیے گئے 190ملین پائونڈ پاکستان کو واپس کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: ملک کو بچانا ہے تو یہ کام کرنا ہوگا، اڈیالہ جیل سے عمران خان کا بڑا بیان جاری
سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا عدالت میں کہنا تھا کہ شہزاد اکبر نے کابینہ کےسامنے ایک بند لفافہ پیش کیا اور بتایا لفافے میں معاہدہ کی دستاویز موجود ہے، مجھ سمیت کابینہ کے دیگر اراکین نے اعتراض کیا کہ بند لفافے میں موجود معاہدے کے مندرجات سے آگاہ کیا جائے لیکن شہزاد اکبر نے بتایا کہ معاہدہ خفیہ ہے،جس پر کابینہ کے اراکین خاموش ہو گئے۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر نے بند لفافے کو اضافی ایجنڈے کے طور پر کابینہ میں پیش کیا اور سابق وزیراعظم نے اضافی ایجنڈے کی کابینہ سے باقاعدہ منظوری بھی لی۔ نیب ریفرنس کے تفتیشی افیسر نے مجھے بتایا کہ معاہدے کے ساتھ ایک تحریر بھی تھی، جس پر رقم پراپرٹی ٹائیکون کو منتقل کرنے کا لکھا گیا تھا، رقم کا کچھ حصہ پہلے ہی منتقل کیا جا چکا ہے۔