پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں مرحلے میں ایک اہم مقابلے کے دوران لاہور قلندرز نے راولپنڈیز کو 32رنز سے شکست دے کر پلے آف کی دوڑ سے باہر کر دیا، یہ سنسنی خیز مقابلہ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں شائقین کرکٹ کو ایک دلچسپ میچ دیکھنے کو ملا۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 210رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، ٹیم کی جانب سے فخر زمان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چونّن گیندوں پر چ84 رنز بنائے، جبکہ محمد فاروق نے 41 گیندوں پر 63رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔
راولپنڈی ٹیم کی جانب سے باؤلنگ میں محمد عامر اور رضا اللہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو بڑے ہدف سے بچانے میں ناکام رہے۔
210 رنز کے تعاقب میں راولپنڈی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ یاسر خان نے انتیس گیندوں پر اٹھاون رنز جبکہ سعد مسعود نے چھبیس گیندوں پر چوّن رنز بنا کر مزاحمت کی، لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔
مقررہ اوورز کے اختتام پر راولپنڈی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اٹھہتر رنز ہی بنا سکی، لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی اور اسامہ میر نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
اس فتح کے ساتھ لاہور قلندرز نے نہ صرف اپنی پوزیشن مضبوط کی بلکہ راولپنڈی ٹیم کے لیے اگلے مرحلے تک رسائی کے دروازے بھی بند کر دیے۔