وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کے اصولی فیصلے پر پیپلز پارٹی سے مشاورت جاری ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ نیّر بخاری کا بیان سامنے ہے، امید ہے پیپلز پارٹی اس فیصلے میں بھی ہمارے حکومت کے ساتھ ہوگی۔
ان کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی پر پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کی لاشوں کی سیاست ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی، سوشل میڈیا پر کسی اور ملک کی تصاویر کو کہا جارہا ہے یہ بنوں میں ہوا، بنوں میں امن مارچ میں ان کے لوگ بندوقیں لیکر شامل ہوئے، ان کے مسلح لوگوں نے بنوں واقعہ کی جگہ پر جاکر فائرنگ کی۔
ان بنوں میں تاجروں کے امن مارچ میں تحریک انصاف کے لوگ شامل ہوئے اور کینٹ پر حملے کئے، جائے وقوعہ پر فائرنگ کی، ان کے مسلح افراد جتھوں کی شکل میں شامل ہوئے اور دنگا فساد کرانے کی کوشش کی جس سے ایک شخص جاں بحق اور 22 زخمی ہوئے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں صدارتی سوئٹس میں رکھا گیا ہے، انہیں ورزش کی سائیکل، کچن، واکنگ گیلری، پرتعیش کھانے کی سہولیات میسر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا الیکشن کمشنر اور چاروں اراکین کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ
جرمنی میں پاکستان قونصل خانہ پر ہوئے حملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کے معاملے پر متعلقہ ملک سے احتجاج نوٹ کروایا ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ نادرا سے کہا گیا ہے کہ ویڈیو کا جائزہ لے کر بتائے کہ پاکستانی شہری تو ملوث نہیں ہے، اگر اس واقعے میں کوئی پاکستانی ملوث ہوا تو اس کا پاسپورٹ منسوخ ہوگا۔

