کراچی میں بگٹی خاندان کے دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فہد بگٹی گروپ اور علی حیدر بگٹی گروپ کے درمیان فائرنگ کا افسوس ناک واقعہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان نشاط میں پیش آیا۔ جس میں 5 افراد دم توڑ گئے اور 2زخمی ہو گئے ۔
پولیس کا مزید بتانا ہے کہ فائرنگ سے ایک گروپ کے 3اور دوسرے گروپ کے دو افراد ابدی نیند سو گئے ۔ فائرنگ واقعے میں زخمی اور مارے گئے افراد آپس میں کزن ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا ء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کے نتیجے میں پیش آیا، فائرنگ کے واقعے میں ہلاک اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی قبیلے سے ہے۔
ضیاء لنجار کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث دونوں گروپوں کا تعلق نواب اکبر بگٹی کے خاندان سے تھا، فہد بگٹی نواب اکبر بگٹی کے بھتیجے جبکہ علی حیدر بگٹی ان کے بھانجے ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی سے واقعے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہوسکتا، قانون کی رٹ کے قیام کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں میر میثم بگٹی، میر عیسیٰ بگٹی،علی، فہد اور نصیب اللہ شامل ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق میرعلی حیدر بگٹی اور قائم علی کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

