ریاض:برطانیہ کے شہزادہ ولیم تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں۔ یہ سعودی عرب کا ان کا پہلا باضابطہ سرکاری دورہ ہے۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نائب امیرِ ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمن نے ان کا استقبال کیا۔
استقبالیہ تقریب میں برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان اور سعودی عرب میں برطانوی سفیر اسٹیفن چارلس ہچن بھی موجود تھے۔ کینسنگٹن پیلس کے مطابق یہ دورہ برطانوی حکومت کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے جس کا مقصد برطانیہ اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران شہزادہ ولیم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں متوقع ہے جب گزشتہ برس برطانوی وزیر خزانہ کے دورۂ سعودی عرب کے نتیجے میں 6.4 ارب پاؤنڈ (8.7 ارب ڈالر) مالیت کے تجارتی اور سرمایہ کاری معاہدے طے پائے تھے۔
اپنے قیام کے دوران شہزادہ ولیم سعودی عرب میں جاری معاشی اصلاحات، ثقافتی سرگرمیوں اور ماحولیاتی منصوبوں سے متعلق مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وہ نوجوان سعودی شہریوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور پائیدار
ترقی، شہری منصوبہ بندی، خواتین کے کھیلوں، ای اسپورٹس اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیں گے۔
شہزادہ ولیم اس سے قبل بھی سعودی ولی عہد سے ملاقات کر چکے ہیں۔
مارچ 2018 میں انہوں نے اپنے والد، اُس وقت کے شہزادہ چارلس، کے ہمراہ لندن میں محمد بن سلمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا، جبکہ اسی روز ملکہ الزبتھ دوم نے بھی سعودی ولی عہد سے علیحدہ ملاقات کی تھی۔
دورے کے آخری مرحلے میں شہزادہ ولیم تاریخی شہر العُلا کا دورہ کریں گے جہاں وہ جنگلی حیات کے محفوظ علاقوں کا معائنہ کریں گے، مقامی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے اور پرنس آف ویلز ہاؤس کا دورہ کریں گے، جو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور فنی تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔