40 سال بعد پاکستان کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوانے والے پاکستانی ہیرو ارشد ندیم کا طیارہ لاہور ایئرپورٹ پرلینڈ کرگیا ۔
ارشد ندیم پیرس سے ترکیے کے راستے لاہور پہنچے، پرواز ٹی کے 714 رات ایک بجکر 27 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پر لینڈ کی ، ارشد ندیم کے طیارے کولاہور ائیرپورٹ پر واٹرکینن سیلیوٹ پیش کیا گیا ۔
وفاقی وزرا احسن اقبال، رانا مشہود، شیزا فاطمہ، عظمی بخاری نے ارشد ندیم کا استقبال کیا جبکہ قومی جیولن تھرور یاسر سلطان، قومی ہیرو کے سابق کوچ فیاض بخاری بھی ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجودتھے۔
یہ بھی پڑھیں :یہ میڈل پوری قوم کے نام کرتا ہوں: ارشد ندیم
اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ’وہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کا لیے عظیم کارنامہ سرانجام دینے پر ارشد ندیم کو پوری قوم کی جانب سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔‘
سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے 24 کروڑ عوام کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔‘
دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنیوالے ارشد ندیم کے شاندار استقبال کے لیے لاہور ایئرپورٹ پر عوام کا جم غفیر امڈ آیا ، فخر پاکستان ارشد ندیم کے چاہنے والوں نے اپنے ہیرو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے، ایئرپورٹ ’’ارشد ندیم زندہ باد، پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجتا رہا۔
ارشد ندیم کے اہلخانہ اور اہل محلہ سمیت میاں چنوں سے 100 سے زائد افراد پر مشتمل قافلہ لاہور پہنچا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ارشد ندیم کے اہلخانہ کو خصوصی پروٹوکول بھی دیا جارہا ہے۔
ایئرپورٹ کے اندر ارشد ندیم کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے ارشد ندیم کو کل ڈبل ڈیکر بس میں شہر بھر کا چکر بھی لگوایا جائے گا۔
قومی ایتھلیٹ اشد ندیم پاکستان روانگی کیلئے پیرس ایئرپورٹ پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود شرکا نے تالیاں بجا کر فخرپاکستان ارشد ندیم کا استقبال کیا۔
صرف یہی نہیں ارشد ندیم کو بہت سارے انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :گولڈ میڈلسٹ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم پر انعامات کی بارش ،کیا کچھ ملے گا ؟جانئے
پنجاب حکومت نے ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے اور ان کے نام پر اسپورٹس سٹی قائم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان اور انہیں گورنر ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی ہے۔
سندھ حکومت نے ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ان کے نام پر کراچی میں اسپورٹس اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میئر سکھر نے اعلان کیا ہے کہ وہ ارشد ندیم کو سونے کا تاج پیش کریں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ معروف گلوکار علی ظفر نے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 کے جیولین تھرو میں تاریخ رقم کرنے والے قومی ایتھلیٹ اشد ندیم کو گزشتہ رات گولڈ میڈل پہنایا گیا تھا۔
انہوں نے اولمپکس کی تاریخ کی سب سے طویل 92.97 میٹر کی تھرو کر کے اولمپک ریکارڈ اور ایشین ریکارڈ قائم کیے جبکہ جیولین تھرو کے فائنل راؤنڈ میں 2 بار 90 میٹر کا حدف عبور کر کے اولمپکس کی 116 سالہ تاریخ رقم کی۔