امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ ری پبلکن کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ملکی سلامتی کے لیے حقیقی خطرہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خبرایجنسی اے یف پی کی رپورٹ میں امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈیموکریٹس کی طرف سے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے دستبردار ہونے کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں خبردار کیا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملک کی سلامتی کے لیے حقیقی خطرے کا باعث بن سکتے ہیں ۔
جوبائیڈن نے سی بی ایس نیوز کو انٹرویو میں ٹرمپ بارے کہا کہ میرے کہے ہوئے الفاظ یاد رکھے جائیں اگر وہ الیکشن میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو دیکھنا کیا ہوتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص خطرناک ہے، وہ امریکی سلامتی کے لیے بھی ایک حقیقی خطرہ ہیں، ان کے مطابق امریکہ دنیا کی تاریخ کے ایک اہم موڑ پرہے اس لیے ہمارے لیے جمہوریت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شیخ حسینہ واجد نے امریکا پر حکومت گرانے کا الزام عائدکردیا
خیال رہے کہ 81سالہ امریکی صدر جوبائیڈن نومبر میں شیڈول صدارتی ا لیکشن کی مہم کے دوران ٹرمپ سے ڈیبیٹ میں متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے اور اس کے بعد ان پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔ بعد ازاں ڈیموکریٹس کے ارکان کی جانب سے انہیں دستبردار ہونے پر زور دیا گیا اور وہ صدارتی دوڑ سے دستبردار ہوئے اور کملا ہیرس کو ٹرمپ کے مقابلے کیلئےمیدان میں اتارا گیا ہے۔ جوبائیڈن اس فیصلے کے بعد میڈیا میں نظر نہیں آئے تھے اور اب پہلے انٹرویو میں سابق صدر اور اپنے حریف پر تنقید کے نشتر چلا دئیے ۔