آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے حکومت کو سفارش کی ہے کہ موبائل سروسز پر عائد مختلف ٹیکسوں میں کمی کی جائے تاکہ صارفین کو مالی ریلیف مل سکے اور ملک میں ڈیجیٹل سہولیات کا دائرہ مزید وسیع ہو۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ آئی ٹی نے اپنی بجٹ تجاویز وزارتِ خزانہ کو ارسال کر دی ہیں۔ ان تجاویز میں موبائل صارفین پر لگنے والے 15 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس اور 19.5 فیصد جنرل سیلز ٹیکس کو مرحلہ وار کم کرنے کی سفارش شامل ہے۔
وزارتِ آئی ٹی کا مؤقف ہے کہ اگر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز پر ٹیکس کم کیے جائیں تو زیادہ لوگ ڈیجیٹل سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ ہوگا بلکہ آن لائن تعلیم، کاروبار اور دیگر ڈیجیٹل خدمات تک رسائی بھی آسان ہو جائے گی۔
بجٹ تجاویز میں براڈ بینڈ آلات اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر پر عائد ڈیوٹیز میں کمی کی سفارش بھی شامل ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اگر نیٹ ورک کے آلات سستے ہوں گے تو ٹیلی کام کمپنیاں اپنی سروسز کو بہتر بنانے اور نئے علاقوں تک رسائی کے لیے زیادہ سرمایہ کاری کر سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سولر لگوانے والوں کیلئے بری خبر، بجٹ سے قبل سولر پینل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

