پاکستان کرکٹ میں ایک بار پھر بڑی سطح پر تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے باعث ٹیم کے ڈھانچے اور انتظامی معاملات میں اہم ردوبدل متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت، سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ سے متعلق بڑے فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔ ان ممکنہ تبدیلیوں کو آئندہ بین الاقوامی سیریز اور کارکردگی میں بہتری سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت میں تبدیلی پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے اور موجودہ کپتان شان مسعود کی جگہ سلمان علی آغا کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے مختلف سطحوں پر مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلہ اعلیٰ حکام کی منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔
اسی طرح سلیکشن کمیٹی میں بھی ردوبدل کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اور ٹیم کی سلیکشن پالیسی کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے نئے چہروں کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ٹیم کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل امور کے لیے سابق کپتان محمد حفیظ کا نام بھی زیر غور ہے جسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق سابق کپتان یونس خان کو بھی کسی اہم ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے تاہم ان کے کردار سے متعلق حتمی فیصلہ آئندہ مشاورت میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت جمعے اور ہفتے کو اہم اجلاس منعقد ہوں گے جن میں ٹیم کی کارکردگی، مستقبل کی حکمت عملی اور انتظامی تبدیلیوں پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ ان اجلاسوں کے دوران متعدد اہم ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں جنہیں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے فیصلہ کن قرار دیا جا رہا ہے۔