تحریک انصاف کی جلسہ گاہ کے مقام پر مشکوک بیگ کی موجودگی پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مشکوک بیگ جلسہ گاہ سے ملحقہ مسجد میں رکھا گیا تھا، اطلاع ملنے پر مسجد خالی کرا کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا۔
پولیس کی بھاری نفری مسجد کے باہر تعینات کر دی گئی جبکہ امام مسجد کا کہنا ہے کہ جس جگہ بیگ رکھا گیا ہے وہ مسجد کا احاطہ ہے۔
مزید پڑھیں: ہم نے جلسہ کینسل نہیں کیا، عامر مغل
واضح رہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ترنول، اسلام آباد میں کل ہونیوالے تحریک انصاف کے جلسے کے لئے اسلام آباد انتظامیہ نے این او سی منسوخ کر دیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے این او سی منسوخ ہونے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر عامر مغل کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے این او سی کینسل کیا ہے ہم نے جلسہ کینسل نہیں کیا۔ جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی خیبرپختونخوا کے کارکنان کو صوابی انٹرچینج پر پہنچنے کی کال دیدی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوابی سے آگے وہ خود تحریک انصاف کے قافلوں کو لیڈ کرتے ہوئے اسلام آباد آئیں گے۔