فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں سوئٹزرلینڈ نے میزبان کینیڈا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔
کینیڈین ٹیم کو اگرچہ شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم اس نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرکے اپنے مداحوں کو خوشی کا موقع فراہم کر دیا۔
کینیڈا کے شہر وینکوور میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں دونوں ٹیموں نے محتاط انداز اپنایا۔ پہلے ہاف میں دونوں جانب سے کئی کوششیں کی گئیں لیکن گول کرنے میں کامیابی نہ مل سکی۔ سوئٹزرلینڈ نے کھیل کے زیادہ تر حصے میں بہتر حکمت عملی کا مظاہرہ کیا اور حریف ٹیم کے دفاع پر دباؤ برقرار رکھا۔
سوئس کپتان گرانیت ژاکا نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا 149واں میچ کھیلا جبکہ ٹیم کے فارورڈ بریل ایمبولو نے بھی متعدد خطرناک مواقع پیدا کیے۔ تاہم کینیڈین گول کیپر میکسیم کریپو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کئی یقینی گول روک کر اپنی ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا۔
میچ کا اصل فیصلہ دوسرے ہاف کے آغاز میں ہوا جب 46ویں منٹ میں جوہان مانزامبی کے خوبصورت کراس پر روبن ورگاس نے گیند کو جال میں پہنچا کر سوئٹزرلینڈ کو برتری دلا دی۔ اس گول کے بعد سوئس ٹیم کا اعتماد مزید بڑھ گیا اور اس نے حملوں میں تیزی پیدا کر دی۔
صرف 11 منٹ بعد سوئٹزرلینڈ نے اپنی برتری کو دگنا کر لیا۔ اس مرتبہ جوہان مانزامبی نے خود گول اسکور کیا، جس میں بریل ایمبولو کے بہترین ہولڈ اپ پلے نے اہم کردار ادا کیا۔ دو گول کے خسارے کے باوجود کینیڈا نے ہمت نہ ہاری اور مسلسل جوابی حملے جاری رکھے۔
کینیڈا کی کوششیں 76ویں منٹ میں رنگ لائیں جب متبادل کھلاڑی پرومس ڈیوڈ نے میدان میں آنے کے صرف 76 سیکنڈ بعد شاندار ٹیم ورک کے نتیجے میں گول کر دیا۔ میزبان ٹیم نے برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن سوئٹزرلینڈ کے مضبوط دفاع نے مزید گول نہ ہونے دیا۔
اس کامیابی کے بعد سوئٹزرلینڈ گروپ بی میں سرفہرست رہا اور ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔ سوئس ٹیم اب 3 جولائی کو وینکوور کے اسی اسٹیڈیم میں اگلے مرحلے کا مقابلہ کھیلے گی۔ اس کامیابی کے ساتھ سوئٹزرلینڈ نے ایک منفرد اعزاز بھی حاصل کر لیا اور وہ ارجنٹینا اور فرانس کے بعد مسلسل چار ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں ابتدائی ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔
دوسری جانب کینیڈا کے لیے شکست کے باوجود یہ ٹورنامنٹ تاریخی ثابت ہواکیونکہ اس نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کی ہے۔ گروپ بی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی کینیڈین ٹیم اب 28 جون کو لاس اینجلس میں گروپ اے کی رنر اپ ٹیم کا سامنا کرے گی۔