محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے اور مون سون بارشوں کا یہ سپیل 31 اگست تک جاری رہنے کی پیشنگوئی ہے۔ ملک بھر میں بارشوں کا موجودہ سلسلہ رواں ہفتہ بھی جاری رہے گا ۔31 اگست تک جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشیں متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا شدید باؤ اس وقت بھارتی گجرات کے شمال میں موجود ہے، جو کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے ملحقہ علاقوں(مشرقی سندھ) میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس موسمی صور تحال کے زیر اثر طاقتور مون سون ہوائیں ملک (خصوصاً جنوبی علاقوں ) میں داخل ہو رہی ہیں ۔جبکہ 29 تاریخ سے ایک مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔
شدید بارشوں کے باعث سندھ، بلوچستان اورجنوبی/وسطی پنجاب کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ ہے۔ 31 اگست کے دوران :شدید /موسلادھار بارشوں کے باعث ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں ، دادو، قلات، خضدار،جعفر آباد، سبی، نصیر آباد، بارکھان،لورالائی، آواران، پنجگور، واشک، مستونگ اورلسبیلہ کے مقامی نالوں/ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں” گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ “کا بھی قوی امکان ہے۔ 30,29 اور 31 اگست کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان،ساہیوال، اوکاڑہ،پاکپتن، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خانیوال میں 48 ملی میٹر، چکوال میں 45، بہاولپور میں 30، کوٹ ادھو میں 42، ساہیوال میں 33 اور بہاولنگر میں 44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ لاہور، ملتان ، جہلم، قصور، بھکر، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ ہوئی۔