محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض علاقوں میں بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے زیادہ تر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ جنوبی اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے اسی طرح شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا، آج بدھ کوسب سے زیادہ گرمی سبی میں ریکارڈ کی گئی جہاں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا دادو اور دالبندین میں 45، جبکہ بھکر، نوکنڈی اور اوکاڑہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، لاہور میں 39، کراچی میں 45، پشاور میں 42 اور کوئٹہ میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرمی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم مخصوص علاقوں میں بارش سے وقتی طور پر موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔