ٹویوٹا انڈس موٹرز کمپنی نے اپنی مقبول ایس یو وی ٹویوٹا فورچیونر کے پیٹرول ویریئنٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، کمپنی کی جانب سے صرف پانچ ماہ کے دوران دوسری مرتبہ قیمتیں کم کی گئی ہیں، جسے آٹو مارکیٹ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق فورچیونر جی پیٹرول ویریئنٹ کی قیمت میں پچیس لاکھ چار ہزار روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس گاڑی کی نئی قیمت ایک کروڑ چوبیس لاکھ پینتیس ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل یہی ماڈل ایک کروڑ انچاس لاکھ انتالیس ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا تھااسی طرح فورچیونر وی پیٹرول ویریئنٹ کی قیمت میں بھی پچیس لاکھ چوہتر ہزار روپے کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت ایک کروڑ انچاس لاکھ پینتیس ہزار روپے ہو گئی ہے۔
کمپنی نے قیمتوں میں اس نمایاں کمی کو اپنی پینتیسویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی پیشکش قرار دیا ہے۔آٹو انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق کسی پریمیم ایس یو وی کی قیمت میں اتنی بڑی کمی غیر معمولی اقدام ہے۔
اس فیصلے کے پیچھے مارکیٹ کی بدلتی صورتحال، گاڑیوں کی فروخت میں کمی، صارفین کی کمزور قوت خرید اور بڑھتا ہوا مسابقتی دباؤ جیسے عوامل شامل ہو سکتے ہیں۔ٹویوٹا فورچیونر پاکستان میں ایک مقبول پریمیم گاڑی سمجھی جاتی ہے جو اپنے مضبوط ڈیزائن، دشوار گزار راستوں پر بہتر کارکردگی اور خاندانی استعمال کے باعث صارفین میں خاصی پسند کی جاتی ہے۔
قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ خریداروں کی دلچسپی میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے اب یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ کمپنی کی یہ خصوصی پیشکش کب تک برقرار رہتی ہے اور آیا دیگر آٹو ساز کمپنیاں بھی اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتی ہیں یا نہیں۔