ٹويوٹا انڈس موٹرز کمپنی نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران دوسری بار اپنی پریمیم ایس یو وی ٹويوٹا فورچیونر کے پیٹرول ویرینٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ اقدام “35 ویں سالگرہ اسپیشل آفر” کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، تاہم آٹو انڈسٹری کے ماہرین اس غیر معمولی کمی کو مارکیٹ کی بدلتی صورتحال سے جوڑ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فورچیونر کے مختلف پیٹرول ماڈلز کی قیمتوں میں مجموعی طور پر لاکھوں روپے کی کمی کی گئی ہے “جی” پیٹرول ویرینٹ کی قیمت میں تقریباً 25 لاکھ چار ہزار روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت ایک کروڑ 24 لاکھ35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جو پہلے ایک کروڑ 49 لاکھ 39 ہزار روپے تھی۔
اسی طرح “وی” پیٹرول ویرینٹ کی قیمت میں25 لاکھ74ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس ماڈل کی نئی قیمت ایک کروڑ 49 لاکھ 35 ہزار روپے ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ گاڑی ایک کروڑ 75 لاکھ ن9ہزار روپے میں فروخت کی جا رہی تھی۔
گاڑیوں کی قیمتوں میں اس طرح کی بڑی تبدیلیاں نہ صرف آٹو مارکیٹ کے رجحانات کو ظاہر کرتی ہیں بلکہ مستقبل میں صارفین کے رویے اور خریداری کے فیصلوں پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہیں۔