واپڈا کھلاڑیوں کے اعزاز میں پروقار تقریب، بین الاقوامی سطح پر میڈلز جیتنے والوں میں نقد انعامات تقسیم

واپڈا کھلاڑیوں کے اعزاز میں پروقار تقریب، بین الاقوامی سطح پر میڈلز جیتنے والوں میں نقد انعامات تقسیم

واپڈا کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں واپڈا ہاؤس لاہور میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔

تقریب کا انعقاد واپڈا سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی چیئرمین واپڈا / پیٹرن انچیف واپڈا سپورٹس بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعیدتھے۔ انہوں نے سال 2025 اور 2026 کے دوران عالمی اور بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے واپڈا کھلاڑیوں میں واپڈا سپورٹس بورڈ کی پالیسی کے مطابق نقد انعامات تقسیم کئے۔

تقریب میں ممبرز واپڈا، جنرل منیجر واپڈا سپورٹس بورڈ، ایڈوائزر سپورٹس واپڈا اور دیگر آفیسرز نے شرکت کی۔

جیولن تھرو کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ارشد ندیم اور یاسر سلطان شامل تھے، جنہیں نقد انعامات سے نوازا گیا، جبکہ جوجٹسو کے شعبے میں بانو کوثر، اسرا وسیم، کائنات عارف اور علی راشد بھی انعامات کے حقدار ٹھہرے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی جیل سے ہسپتال منتقل ،بیرسٹر گوہر نے تصدیق کر دی

اس موقع پر 2026 میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ- I جیتنے والی واپڈا کرکٹ ٹیم کو بھی نقد انعامات دیئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کیلئے کامیابیاں سمیٹنے اور قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی مستقبل میں بھی اپنے عزم، محنت اور سخت تربیت کے ذریعے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے۔

چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ واپڈا اپنے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ واپڈا گزشتہ تقریباً 50 برسوں سے اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ 2022 سے اب تک واپڈا کے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 91 گولڈ، 28 سلور اور 36 برونز میڈلز حاصل کئے ہیں۔

ان مقابلوں میں پیرس اولمپیکس ، پیرالمپک گیمز، کامن ویلتھ گیمز، اسلامک سالیڈیریٹی گیمز، ایشین گیمز، ایشین چیمپئن شپس اور ساوتھ ایشین چیمپئن شپس شامل ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *