پیٹرول اور ڈیزل پر کتنا ٹیکس وصول کیا جارہا ہے؟

پیٹرول اور ڈیزل پر کتنا ٹیکس وصول کیا جارہا ہے؟

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مختلف مارجنز کی تازہ ترین تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً 29 فیصد تک ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مارجنز شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 88 روپے 7 پیسے ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مارجنز شامل ہیں۔ پیٹرول پر 19 روپے 32 پیسے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی وصول کی جا رہی ہے جبکہ 66 روپے 25 پیسے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہے۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں 2 روپے 87 پیسے فریٹ مارجن، 7 روپے 87 پیسے تیل کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر ڈیلرز کمیشن بھی وصول کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 91 روپے 15 پیسے ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مارجنز شامل ہیں۔ ڈیزل پر 72 روپے 97 پیسے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی عائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں:راولا کوٹ ،عوام کا اظہار لا تعلقی، کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا مکمل ناکام

دستاویزات کے مطابق ڈیزل پر 15 روپے 68 پیسے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی وصول کی جا رہی ہے جبکہ 2 روپے 40 پیسے فریٹ مارجن، 7 روپے 87 پیسے تیل کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر ڈیلرز کمیشن بھی قیمت کا حصہ ہیں۔

لائٹ ڈیزل آئل (LDO) کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس پر 5 روپے 42 پیسے فی لیٹر فریٹ مارجن اور 1 روپے 61 پیسے تیل کمپنیوں کا مارجن شامل ہے، جبکہ اس پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی بھی عائد کی گئی ہے۔

Related Articles