محسن نقوی کی تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات

محسن نقوی کی تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی تہران میں ایرانی وزارت خارجہ پہنچ گئے جہاں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ان کا استقبال کیا۔

وزارت خارجہ پہنچنے پر محسن نقوی اور عباس عراقچی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پاک ایران تعلقات اور امریکا کے ساتھ معاہدے کے بعد خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آج تہران پہنچنے والے وزیر داخلہ محسن نقوی اپنے دورے کے دوران ایرانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی ایرانی قیادت کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد ایم او یو) پر مبارکباد دیں گے اور معاہدے کے اگلے مرحلے سے متعلق خصوصی گفتگو بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا اور ایران کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات منسوخ ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:راولا کوٹ ،عوام کا اظہار لا تعلقی، کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا مکمل ناکام

یاد رہے کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان “اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کے تحت تکنیکی سطح کے مذاکرات اتوار، 21 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں منعقد ہوں گے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ مذاکرات میں امریکا اور ایران کے نمائندوں کے علاوہ پاکستان اور قطر کے ثالث بھی شریک ہوں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ مذاکرات رواں ہفتے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ہونے والی پیش رفت کا حصہ ہیں۔ اس مفاہمتی یادداشت کے ذریعے واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری تنازع ختم ہوا تھا اور باہمی طور پر باقی ماندہ معاملات پر مذاکرات کے لیے ایک فریم ورک طے کیا گیا تھا۔

Related Articles