امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک بڑا فضائی حادثہ پیش آیا ہے جس میں امریکی فضائیہ کا ایک بی-52 اسٹریٹوفورٹریس بمبار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ واقعہ لاس اینجلس کے شمال میں واقع ایڈورڈز ائیر فورس بیس پر پیش آیا جس کے بعد پورے علاقے میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی۔
حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائیاں شروع کر دیں۔
امریکی فضائیہ کے مطابق مذکورہ فوجی طیارہ پیر کی صبح معمول کی پرواز کے لیے ٹیک آف کر رہا تھا کہ صرف چند لمحوں بعد ہی ایئر فیلڈ کے قریب زمین پر آ گرا اور تباہ ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارے نے پرواز کے آغاز کے فوراً بعد غیر معمولی صورتحال اختیار کی اور پھر زور دار آواز کے ساتھ گر کر تباہ ہو گیا جس کے بعد علاقے میں دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔
ائیر فورس بیس کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ حادثہ صبح گیارہ بج کر بیس منٹ پر پیش آیا اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم فی الحال کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں یا نہیں۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ عملے کی حالت سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور مکمل تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل امریکی ریاست میسوری میں بھی ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مسلسل ہونے والے ان فضائی حادثات نے امریکی فضائی سلامتی کے نظام اور پروازوں کی نگرانی کے معیار پر کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔