پاکستان نے اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ انڈیکس میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے، جہاں وہ 14 درجے بہتری کے ساتھ 136 نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایسا پہلی بار ہے کہ پاکستان ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں اعلیٰ کیٹیگری میں شامل ہوا ہے۔ واضح رہے کہ دو سال قبل یعنی 2022 میں پاکستان کا ای گورننس انڈیکس 150 نمبر پر تھا۔ اقوام متحدہ نے ای گورننس سے متعلق ممالک کی درجہ بندی کی ہے، جس میں پاکستان ای پارٹیسپیشن انڈیکس میں 88 ویں نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ دو سال قبل یہ 106 ویں نمبر پر تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی سائبر سیکیورٹی انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن میں واضح بہتری، درجہ اول کے ممالک میں شامل ہوگیا
پاکستان کی ای پارٹیسپیشن ویلیو 0.36 سے بڑھ کر 0.49 پر پہنچ گئی ہے۔ وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے اس کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور وزارت آئی ٹی اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کے کردار کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ یہ تمام کامیابیاں ای گورنمنٹ کے فروغ میں حکومت کی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔