وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پتھر گڑھ کے مقام سے واپس پشاور روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کارکنان کو پشاور واپسی کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کارکنان سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروا دیا ہے۔ ہم اداروں کیساتھ ٹکرائو نہیں چاہتے۔ ہم دوبارہ آئیں گے اور سیدھے اڈیالہ جیل جائیں گے۔
اس موقع پر کارکنان نے علی امین گنڈاپور کو گھیر لیا۔ وزیراعلیٰ اعلان کرنے کے بعد واپس گاڑی میں بیٹھ گئے جبکہ اس حوالے سے مشیر خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے بھی تصدیق کی ہے کہ وزیراعلیٰ نے قافلے کا رُخ پشاور کی جانب موڑ دیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ جمہوریت پسند عوام کو کامیاب احتجاج مبارک ہو۔ حکومتی وزرا خالی سڑکوں کی تصاویر بنوا کر ایک دوسرے کو تسلیاں دے رہے ہیں۔ جعلی حکومت کنٹینرز ہٹا دے تو لگ پتہ جائیگا کہ کتنے لوگ ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی خاتون رہنما سیمابیہ طاہر کو حراست میں لے لیا گیا
دوسری جانب عظمیٰ بخاری کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی پشاور واپسی کی خبر پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کمال وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے، اب غنڈہ گردی نہیں چلے گی اور قانون کی حکمرانی ہوگی۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سےوزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پنجاب داخلے پر پابندی لگائی گئی تھی۔