سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی میں مبینہ طور پر قائم سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ملکیت والے ڈینٹل کلینک کو زوننگ کے ضوابط کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق معاملے کے حوالے سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ ڈینٹل کلینک جو سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (ایس ایم سی ایچ ایس) میں واقع ہے ایک رہائشی بنگلے میں چلایا جا رہا تھا جو کہ اتھارٹی کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
کلینک کو سیل کرنے کی کارروائی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس بی سی اے شکیل جمالی کی نگرانی میں کی گئی۔ ایس بی سی اے حکام کی ایک ٹیم نے مقامی پولیس کے ہمراہ کارروائی میں حصہ لیا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ کلینک تجارتی سرگرمیوں کے لیے ضروری اجازت نامے کے بغیر رہائشی علاقے میں چلایا جا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:علی امین گنڈا پورکو ڈی چوک پہنچنےکا حکم
ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ رہائشی زون میں کلینک کے مقام نے شکایات کو جنم دیا، جس کے نتیجے میں ایس بی سی اے نے کریک ڈاؤن کیا۔ ایس بی سی اے کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ یہ رہائشی املاک کے غیر قانونی تجارتی استعمال سے نمٹنےکیلئے ہماری جاری کوششوں کا حصہ ہے۔2018 سے 2023 تک پاکستان کے صدر رہنے والےعارف علوی نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔