بلوچستان کے علاقے یکمچ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنا دیا
جس کے نتیجے میں پانچ خارجی ہلاک ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب انٹیلیجنس اداروں کو علاقے میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملی۔
دہشتگرد کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم فورسز نے پیشگی کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا اور آرمڈ کواڈکوپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کے بعد ٹھیک ٹھیک نشانہ لگایا گیا جس سے دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچا۔ کارروائی انتہائی مہارت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دی گئی تاکہ شہری آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں :دالبندین کے پاس این 40 پر فتنہ الہندوستان کی ناکہ لگانے کی کوشش ناکام، فتنہ الہندوستان کے 7دہشتگرد واصل جہنم
ہلاک ہونے والے تمام افراد ریاست دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے اور مختلف علاقوں میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں بھی مطلوب تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر عناصر کو بھی گرفتار یا ختم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری طرح متحرک ہیں اور بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حساس علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

