پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور حماد اظہر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق علی امین احتجاج مؤخر کرنے کے حق میں تھے جبکہ حماد اظہر نے ایس سی او کانفرنس کے دوران احتجاج کرنے پر زور دیا۔ علی امین نے حماد کو جواب دیتے ہوئے کہاکہ آپ خود روپوش ہو اور ورکرز کو کہہ رہے ہو باہر نکلو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ارکان اسمبلی گرفتار ہیں اور صوبے کے ورکرز کو بچانا ہے۔ حماد اظہر نے علی امین کو الزام لگانے سے منع کیا اور کہا کہ وہ پنجاب سے قیادت کریں گے۔
علی امین نے کہا کہ آپ تو روپوش ہو، کیسے لیڈ کریں گے؟ ورکرز کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑ سکتے۔ اس پر حماد نے کہا کہ گفتگو کا انداز سیاسی اور تہذیبی ہونا چاہیے، طعنے نہ دیں، آپ بھی ڈی چوک پر چھوڑ کر فرار ہوئے۔ اجلاس میں سینیئر قیادت نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی ٹنڈو اللہ یار کانفرنس پر بھی مشاورت ہوئی، اور پی ٹی آئی نے احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست منظور کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات کیسے باہر آتے ہیں، ہر کسی کا اپنا موقف ہوتا ہے۔