آج پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اہم اجلاس ہونے جا رہا ہے، تاہم تحریک انصاف نے اس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
26 ویں آئینی ترمیم کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 17 اکتوبر کو بلانے کی سمری بھی صدر مملکت کو ارسال کی جا چکی ہے۔ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
اس حوالے سے بلاول ہاؤس کراچی میں بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں جماعتوں کے رہنما بھی شریک تھے۔ یہ ملاقات کئی گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ دونوں جماعتوں نے آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق کیا ہے اور اس میں بلاول بھٹو کا اہم کردار رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ نواز شریف کا بھی اتفاق رائے حاصل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ بل کو متفقہ آئینی ترمیم سمجھا جا سکے۔ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ سنجیدہ گفتگو ہوئی ہے۔